چیف جسٹس خصوصی عدالت کیخلاف سوموٹو ایکشن لیں: آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت پرویز مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی حکومتی درخواست کی خصوصی عدالت میں منظوری اور پرویز مشرف کی 24 دسمبر کو خصوصی عدالت میں طلبی کی مذمت کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو‘ فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی‘ سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہا ہے کہ حکمران احتساب سے بچنے کیلئے اقتدار کے زور پر پرویز مشرف کو مجرم ثابت کرکے اپنا مستقبل محفوظ بنانا چاہتے ہیں اور سیکریٹری داخلہ عبدالغنی سومرو نے خصوصی عدالت میں مشرف کیخلاف مقدمہ غداری کی درخواست جمع کراکر شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار کا جو کردار ادا کیا ہے اس کیلئے تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی جبکہ خصوصی عدالت نے سابق آرمی چیف کیخلاف مقدمہ کی درخواست منظور کرکے اپنی حدود سے تجاوزاور آئین کو پامال کیا ہے جس پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ تصدق جیلانی کو ازخود نوٹس لینا چاہئے۔

طاہر حسین نے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے نہ تو مشرف کو عوام سے دور کرسکتے ہیں اور نہ ہی وہ ایسی چالبازیوں کے ذریعے مشرف کو خوفزدہ کرکے ملک چھوڑنے پر مجبور کرسکتے ہیں ‘ پرویز مشرف پاکستان میں ہی رہتے ہوئے تمام مقدمات کا سامنا کرینگے اور چونکہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اسلئے عدالتوں سے با عزت بری ہوکر ایکبار پھر اقتدار میںآئیں گے مگر مشرف سے انتقام کیلئے آئین و قانون اور اخلاقی و سماجی قدریں پار کرنے والے وقت کے احتساب کی زد میں ضرور آئیں گے۔