پنجاب میں شدید دھند، معمولات زندگی مفلوج، حادثات میں 6 جاں بحق

Heavy Fog

Heavy Fog

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شہروں میں دھند کے باعث فضائی اور زمینی ٹریفک کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔ رات گئے دن کے باعث بند ہونے والے لاہور ایئر پورٹ کو چودہ گھنٹے بعد کھولا گیا جس سے ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ ملتان اور بہاولپور میں دھند کے باعث پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

جی ٹی روڈ، نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر دھند نے ہر منظر ددھندلا دیا۔ لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دھند نے ٹرینوں کا شیڈول بھی درہم برہم کر دیا۔ کراچی ایکسپریس اور تیز گام سمیت تمام ٹرینیں گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہی۔ شیخوپورہ، قصور، کوٹ رادھا کشن سمیت مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان، ڈسکہ، فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں، دنیا پور سمیت مختلف شہروں میں شدید دھند کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ چیف میٹرالوجسٹ محمد ریاض نے بتایا کہ دھند کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا اور اتوار یا پیر کو بارش کا امکان ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور دھند میں ڈرائیونگ کے دوران انتہائی محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ اوکاڑہ میں دھند کے باعث ہونے والے حادثات میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

دیپالپور روڈ پر موٹر سائیکل کو ٹرک کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ لیہ میں کروڑ فتح پور روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے تصادم نے دو افراد کی جان لے لی۔ لیہ میں ہی ایم ایم روڈ پر اڈا قاضیہ آباد کے قریب 3 بسوں میں ٹکر سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔

جہانیاں میں خانیوال روڈ پر دو موٹر سائیکلز کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب مانانوالہ، کوٹ پنڈی داد، بھکر، کامونکی، پنڈی بھٹیاں، ننکانہ صاحب، کلور کوٹ اور رائیونڈ سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔