پنجاب میں شدید دھند، لاہور، فیصل آباد، پشاور ائیرپورٹ اور موٹروے بند

Heavy Fog

Heavy Fog

ملتان (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے، لاہور اور فیصل آباد ایئرپورٹس کو بند کر دیا گیا، ملتان میں کئی گھنٹے بند رہنے کے بعد ایئرپورٹ کھول دیا گیا،محکمہ موسمیات نے دھند کا سلسلہ دسمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پنجاب میں ہر طرف دھند کی چادر تنی ہوئی ہے، راہیں گم، فضائی اور زمینی ٹریفک کا شیڈول بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے ۔ لاہور، فیصل آباد ائیر پورٹس بند کر دیئے گئے،تمام پروازیں منسوخ ہیں۔لاہور میں علامہ اقبال انٹڑ نیشنل ائیرپورٹ رات سے تاحال بند ہے، دھند کی وجہ سے آمدورفت کی 28 بین الاقوامی پروازیں اور اندرون ملک آنے جانے والی 8 پروازیں بھی دھند کی وجہ سے متاثر ہوئیں۔

پشاور میں مسلسل دھند کے باعث باچا خان ائیرپورٹ پر آنیوالی فلائٹس تاخیر کا شکار ہیں۔فیصل آباد میں بھی ائیر پورٹ شدید دھند کے باعث بند ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جہاں حد نگاہ صفر ہے، ملتان میں دھند چھٹنے لگی ہے،حد نگاہ پانچ سو میٹر ہو چکی ہے۔

شور کوٹ کینٹ میں شدید دھند ہے ،موٹروے ایم ون پشاورسے صوابی اور موٹروے ایم ٹو سیال موڑ سے لاہور تک شدید دھند کے باعث بند ہے۔ لاہور سے سالم انٹرچینج اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، ادھر ملک بھر سے لاہور آنے والی ٹرینیں قراقرم ایکسپریس دو گھنٹے ، کراچی ایکسپریس تین گھنٹے ،علامہ اقبال ایکسپریس، عوامی اور تیز گام تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

کراچی سے راولپنڈی جانیوالی پاکستان ایکسپریس 5گھنٹے تاخیر کا شکار، کراچی سے لاہور جانیوالی کراچی ایکسپریس 4 گھنٹے جبکہ نائٹ کوچ 5 گھنٹے لیٹ ہے، کراچی سے ملتان آنے والی زکریا ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔