آئی ایم ایف نے 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی قسط کی منظوری دیدی

IMF

IMF

واشنگٹن (جیوڈیسک) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں ہوا جس میں پاکستان کے لئے 6 ارب ستر کروڑ ڈالر مالیت قرض کی دوسری قسط پر غور کیا گیا۔

رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں پاکستان کی اقتصادی کارکردگی بہتر رہنے کی وجہ سے 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ آئی ایم ایف نے اس سے پہلے ستمبر میں 54 کروڑ ڈالر مالیت کے قرض کی پہلی قسط جاری کی تھی۔

اس طرح رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران آئی ایم ایف سے جاری قرض کی مالیت ایک ارب 9 کروڑ ڈالر سے زائد ہو چکی ہے۔ آئی ایم ایف سے دوسری قسط ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نہ صرف اضافہ بلکہ بین الاقوامی ادائیگیوں کے توازن میں بھی بہتری آئے گی۔

پاکستان رواں ماہ آئی ایم ایف کو 31 کروڑ 42 لاکھ ڈالر ادا کرے گا جس میں سے 5 کروڑ 72 لاکھ ڈالر پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔