راولپنڈی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کے ضامن کو طلب کر لیا، وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کی سیکورٹی سے متعلق جواب داخل کرنے کے لیے مزید مہلت مانگ لی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس نے پرویز مشرف کی سیکورٹی خدشات سے متعلق جواب جمع کرا دیا، عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے دستخط نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحریری جواب واپس کر دیا۔ پولیس نے ٹرائل متبادل جگہ منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کے نیشنل کرائسز منیجمنٹ سیل سے بریگیڈئر طارق لودھی نے عدالت سے سابق صدر کی سیکورٹی سے متعلق جواب داخل کرنے کیلئے مزید مہلت مانگ لی۔
عدالت نے پرویز مشرف کے ضامن کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ججز نظربندی کیس کی سماعت نو جنوری تک ملتوی کر دی۔