عدلیہ پاکستان وعوام کیخلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیگی: طاہر حسین

کراچی: حکومت کی جانب سے دہشتگردوں سے مذاکرات کواولین آپشن قرار دیئے جانے پر ریمارکس دیتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی’ سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہاکہ مخصوص مائنڈ سیٹ کے حامل ٹولے کی پاکستان کے عوام کو یرغمال بنانے کی سازش کو پایہ تکمیل پہنچانے کیلئے قومی انتخابات میں جو کاروائی کی گئی تھی اب اس کا پھل کاٹنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

اور اگر یہ سازش کامیاب ہوگئی تو پاکستان و عوام دونوں کا مستقبل ہمیشہ کیلئے تاریک ہوجائے گا جبکہ اس سازش کی تکمیل کیلئے ہی مشرف کو آرٹیکل 6 کے تحت لٹکانے کی کوشش ہورہی ہے تا کہ اس سازش کی تکمیل کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ کو جلد سے جلد دور کر کے پاکستان پر طاغوتی قوتوں کے قبضے کی ضمانت حاصل کی جاسکے لیکن آزاد عدلیہ انشاء اللہ ان سازشوں کو نا کام بناکر حقائق کے مطابق فیصلہ دیتے ہوئے پرویز مشرف کو تمام کیسز میں باعزت بری کرکے آئین و قوانین کی پاسداری اور استحکام پاکستان و خوشحالی عوام کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

مشرف حملہ کیس میں ملوث ملزم کی سزا میں تخفیف کی درخواست کی منظوری و سماعت پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے طاہر حسین سید نے کہا کہ سزا یافتہ ملزمان کی سزاؤں میں تخفیف کی درخواستوں کی سماعت سے یہ سلسلہ وسعت پائے گا اور عدلیہ کے پاس ایسی درخواستوں کا ڈھیر لگ جائے گاجن کی سماعت دیگر مقدمات پر اثر انداز ہو کر انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا سبب بنے گی جبکہ ان درخواستوں کی سماعت سے انکارعدم مساوات کا اظہار اور عدلیہ کی پیشانی پر داغ بن جائے گا۔