صحت مند ماحول کے قیام کے لئے سیوریج فلو کی درستگی اور برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ سیوریج فلو کی درستگی اور برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے انتظامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں عوام کو درپیش فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں فراہمی آب کے تعطل اور سیوریج سسٹم کے ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ پینے کے پانی کی ترسیلی نظام کو بہتر بنا کر تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے ساتھ سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے دورے کے موقع پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف برساتی نالوں کا معائنہ کیا۔

برساتی نالوں کی عدم صفائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈبرساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا کر صحت مند ماحول کا قیام عمل میں لایا جائے دورے کے موقع پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلایا کہ اپنے حلقے کے عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لا رہے ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے عوام کو مسائل سے پاک مثالی ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔