مری (جیوڈیسک) لاہور سے سیر کیلئے مری جانیوالوں کی کوسٹر کھائی میں گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے 31 زخمی خواتین کو نکال لیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
گولڑہ شریف سے لاہور آئے تین خاندان عرس میں شرکت کے بعد مری سیر کیلئے گئے ہوئے تھے کہ تریٹ کے قریب کوسٹر کھائی میں گر گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
بس سے نکالی گئی زخمی خواتین کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ ذرائع کے مطابق کوسٹر نے تین سے چار قلابازیاں کھائیں اندھیرے اور موسم کی خرابی کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کمشنر راولپنڈی کو ٹیلی فون کر کے حادثے کی تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔