اضلاع کی خبریں 21/12/2013

وزیر ماحولیات ڈاکٹر سکندر میندھرو نے چوتھے فائر سیفٹی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب
کراچی (این این اے ) وزیر ماحولیات ڈاکٹر سکندر میندھرو نے نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ اور فائر پروٹیکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تحت چوتھے فائر سیفٹی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آلودگی کے خاتمے اور تحفظ ماحول کیلئے ماحولیاتی بل جلد ہی سندھ اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ۔ اس بل سے سندھ میں ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد اورنئی حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس مجوزہ بل پر تمام شراکت داروں سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور توقع ہے کہ اس بل کی منظوری کے بعد سندھ میں ماحولیاتی تحفظ کے معیارات و قوانین پر عمل درآمد کی رفتار تیز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ماحولیات کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا اور ماضی میں اس شعبے میں موثر کارکردگی سامنے نہ آسکی۔وزیر ماحولیات نے کہا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی تشویش کا باعث ہیں اور صوبائی انتظامیہ ، کراچی میٹرو پولیٹن، تاجر و صنعتکاروں اور ان کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بہترین حفاظتی انتظامات پر ایوارڈ حاصل کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کے صدر محمد نعیم قریشی نے ذمہ دار حکومتی اداروں اور صنعتکاروں کی ایسوسی ایشنوں اور کراچی چیمبر سے اپیل کی کہ وہ آگ سے بچائو اور ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے اپنے ارکان واداروں میں شعور بیدار کرنے کی مہم چلائیں اور ایک خصوصی کمیٹی بنا کر تمام اداروں کا معائنہ کیا جائے اور حکومتی اداروں کو بہتر کارکردگی کا پابند بنایا جائے تاکہ بلدیہ ٹائون جیسے آگ کے المناک حادثات کو روکا جا سکے۔
———————-
——————–
ریل گاڑیوں کی بندش اسٹیشن سنسان مسافر پریشان
اٹک(این این اے ) ریل گاڑیوں کی بندش اسٹیشن سنسان مسافر پریشان ،روزانہ سفر کرنے والوں کو شدیدپریشانی کاسامناعوام کاوفاقی وزیر ریلوے سے بند ٹرینوں کی بحالی اصلاح احوال کامطالبہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دورحکومت میں پاکستان ریلوے کی تباہی کے اثرات ابھی تک اٹک کے عوام برداشت کررہے ہیں جہاں ملک بھر کی اہم ترین ٹرینوں کی بندش کا مسئلہ کھڑاہوگیاتھاوہیں اٹک میں بھی مختلف گاڑیوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو شدیدپریشانی سامناکرناپڑرہاہے گزشتہ دنوں ایک سروے میں محمد اکرم ،حاجی اورنگزیب،محمد ارشد ،مہتاب احمد ،حافظ سفیر ،پروفیسر نسیم خان ،امتیاز اور منیر احمدودیگر نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ حکومت نے کامیاب ترین ٹرینوں کو بند کرکے اٹک کی عوام پر بہت بڑاظلم کیاہے جن میں ریل کارراولپنڈی،تھل ایکسپریس،کوئٹہ ایکسپریس،چناب ایکسپریس،تیزرو،اباسین ایکسپریس اور پسنجر شامل ہیں جن میں روزانہ ہزاروں مسافروں اور ملازمین کاآناجاناہوتاتھا۔
اٹک(این این اے) گورنمنٹ بوائیز ایلیمنٹری سکول ٹانویں تحصیل پنڈی گھیب میں سکول چوکیدار کے حوالے،وزیر اعلیٰ کے پڑھا لکھا پنجاب کے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اساتذہ نے سکول آنا بند کر دیا اور بچوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پڑھائی شروع کر دی ۔ لوگوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپنی گڈ گورننس کے معمولی اثرات اٹک کے شہریوں پر بھی ظاہر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹک میں محکمہ تعلیم کا قبلہ درست کیا جائے جہاں بعض اساتذہ کی تنخواہیں ڈیڑھ لاکھ روپے سے تجاوز کر چکی ہیں تاہم کارکردگی صفر ہے ۔
———————-
——————–
محمد حنیف نے وارڈ نمبر 6 حضرو سے الیکشن لڑنے کا حتمی فیصلہ کر لیا
اٹک(این این اے) حضرو شہر کی معروف سماجی شخصیت محمد حنیف نے وارڈ نمبر 6 حضرو سے الیکشن لڑنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے وہ آزاد حیثیت سے پہلی دفعہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں محمد حنیف ملک نسیم ،عمران رفیق اور محمد با بر کے ماموں ہیں محمد حنیف کا کہنا ہے کہ وہ حضرو میں سینئر مسلم لیگی ہیں مگر انہیں ہمیشہ مسلم لیگ (ن ) کی قیادت نے مایوس کیا اور ویسے بھی ان کی نظر میں حضرو میں مسلم لیگ(ن) کی تمام قیادت نا اہل اور کرپٹ ہے رفیق بھولا جو کہ مسلم لیگ(ن) کے صدر بنے بیٹھے ہیں انکا حضرو میں ووٹ بنک زیرو سے بھی کم ہے اگر رفیق بھو لا اتنے ہی ہو تے تو خود حضرو کے کسی وارڈ سے الیکشن لڑ نے کا اعلان کر تے انہوں نے مزید کہا عوام اب با شعور ہو چکی ہے وہ کھوٹے کھرے کی پہچان اب بہتر طریقے سے کر سکتی ہے اس لیے آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عوام کرپٹ اور بد کردار لوگوں کو ووٹ نہیں دے گی۔
———————-
——————–
ملک میں صرف 14 فی صد افراد مختلف بینکوں سے سہولیات حاصل کر رہے ہیں
اٹک(این این اے) ملک میں صرف 14 فی صد افراد مختلف بینکوں سے سہولیات حاصل کر رہے ہیں،فنکا ہر بنیادی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ غریب افراد کا سہارا بھی بن رہا ہے،آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے ملک میں بیروز گاری کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے، ان خیالات کا اظہار حسن ابدال میں فنکا مائیکروفنانس بینک کی برانچ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیاانہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران کی وجہ سے تاجر طبقہ شدید دباو کا شکار ہے، فنکا کی جانب سے چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے انہیں اپنے کاروبار میں بہتری لانے میں مدد مل سکے گی، سی ای او فنکا بینک مدثر عاقل نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ چھوٹے تاجروں کوآسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کشف کے نام سے کام کیا جا رہا تھا مگر فنکا انٹرنیشنل کے جانب سے کشف کے حصول کے بعد ہم نے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے، انٹرنیشنل اس وقت دنیا کے 22 ممالک میں مائیکرو فنانس کی سہولیات فراہم کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں فنکا کی 55 سے زائد برانچیں اپنا کام شروع کر چکی ہیں،دیگر مقررین نے بھی فنکا بینک کے حسن ابدال میں بوتھ کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بوتھ کے قیام کے بعد حسن ابدال کے عوام کو فنانس کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔
———————-
——————–
پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رہنی چاہئیں: طاہر رفیق بٹ
اسلام آباد(این این اے ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ کے سدرن ائیرکمانڈ کی ایک آپریشنل بیس کے دورہ کے موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ ملکی فضائی سرحدوں کا دفاع یقینی بنایا جا سکے۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ جو لوگ اپنے مادرِوطن کی عظمت کے لئے مخلصانہ کو ششیں کرتے ہیں اللہ تعالٰی انہیں دونوں جہانوں میں اس کا بہترین اجر دیتا ہے۔اس موقع پر بیس آمد پر فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ دورے کا مقصد پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور ائیر مینوں کے عزم کا جائزہ لینا تھا تاکہ بیس پر موجو د مختلف سکواڈرنز اور تنصیبات کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا جا سکے ۔ پاک فضائیہ کے سر براہ ائیر مینوں سے ملے اور ان کی دی گئی ذمہ داریوں کو بہ احسن طریقے سے انجام دینے کے جذبے کو سراہا ۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی آمد پر بیس کمانڈر ائیر کموڈور اسید الرحمان نے ان کا استقبال کیا۔
———————-
——————–
بہاولپور میں وکلا نے عبدالقادر ملا کو پاکستان سے پیار کرنے کی سزائے موت دینے پر ہڑتال
بہاولپور (این این اے) ڈسٹرکٹ بار بہاولپور میں وکلا نے عبدالقادر ملا کو پاکستان سے پیار کرنے کی سزائے موت دینے پر ہڑتال کی اور عدالتوں کابائی کاٹ کیا جس سے عدالتی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ ڈسٹرکٹ بار نے قرار داد مذمت پا س کی او رحکو مت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش سے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرائے ۔ انہوں نے حکومت کو یاد دلایاکہ سابقہ دور میں وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹی اور وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمن کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جس کے مطابق کوئی بھی ملک اپنے لوگوں کے خلاف کاروائی نہ کرئے گا جس کی خلاف ورزی بنگلہ دیش کی وزیر اعظم نے اپنے والد کے کئے گئے معاہدہ کی ۔
———————-
——————–
حکومت پنجاب نے جبری مشقت کے خاتمے اور بھٹہ جات پر کام کرنے والے غریب و محروم مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے پروگرام
بہاولپور(این این اے) حکومت پنجاب نے جبری مشقت کے خاتمے اور بھٹہ جات پر کام کرنے والے غریب و محروم مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے پروگرام کی ابتداء کر دی ہے۔ یہ بات ایڈیشنل کمشنررانا شہزاد سعید نے مقامی ہوٹل میں جبری مشقت کے خاتمہ کے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ معاشرہ کے تمام افراد کو اس پروگرام کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا چار اضلاع بہاولپور،فیصل آباد، گجرات اور سرگودھا میں بھٹہ جات پر کام کرنے والے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے 19کروڑ60لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔جبکہ رواں سال 2013-14ء میں ایک کروڑ روپے خرچ ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ اس رقم سے 2سو غیر رسمی تعلیمی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ جن سے 6ہزار بچے مستفید ہو نگے ا ور بھٹہ جات پر کام کرنے والے افراد اور انکے خاندانوں میں تعلیم اور صحت سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی اور ان خاندانوں کو بلا سود قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔بھٹہ ورکرز کو قانونی معاملات میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
———————-
——————–
بہاول پور پولیس کی کارکردگی، بہاول پور میں غیرقانونی طور پر قائم منی ایکس چینج پر چھاپہ
بہاولپور(این این اے) بہاول پور پولیس کی کارکردگی، بہاول پور میں غیرقانونی طور پر قائم منی ایکس چینج پر چھاپہ، گرے ٹریفنگ میںملوث 3 ملزمان گرفتار ایک مفرورتفصیل کے مطابق گذشتہ روز ڈی پی او بہاول پور سہیل حبیب تاجک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن(PTA) کی گرے ٹریفک کیخلاف جاری مہم کے سلسلہ میں ڈی ایس پی سٹی ریاض حسین بخاری ،، انسپکٹر وسیم اسلم ایس ایچ او کوتوالی معہ ملازمین ،ایس آئی محمد لطیف انچارج محافظ سکواڈ معہ ملازمین کوخصوصی ٹاسک دیاکہ بہاولپور میں غیر قانونی طورپر قائمMini Exchangeجو کہ گرے ٹریفک میں مصروف ہیں کے خلاف آپریشن کیا جائے جس پر مندرجہ بالا ٹیم نے انتہائی محنت اور کوششوں سے عباسیہ سٹریٹ اندرون شہر بہاولپور میں آپریشن کرکے 3کس ملزمان جمشیدعلی ،محمدافضل،علی اکبرساکنان کہروڑپکا کو جو کہ گرے ٹریفک کر رہے تھے کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا
———————-
——————–
واں چولستان امن میلہ 2013 بھرپور سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا
بہاولپور(این این اے) 15 واں چولستان امن میلہ 2013 بھرپور سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ تیرہ ملکوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں سمیت پاکستان بھر سے ہزاروں خواتین ، مردوں اور بچوں نے شریک ہوکر دن بھر کھیل تماشوں، چولستانی کھانوں اور روایتی تفریحی سرگرمیوں سے لطف اٹھایا اور شام میں آتش بازی کاشاندار مظاہرہ دیکھا۔ 15 ویں چولستان امن میلہ چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان کے تحت” امن میرا حق مہم” کے تحت” سیٹیزن فرسٹ “پروگرام کے سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بہاول پور پولیس ، بہاولپور چولستان لائنز کلب کے اشتراک سے عباسیہ کیمپس کے سپورٹس گرائونڈ میں منعقد کیا گیا۔ اس چولستان امن میلے میںبہاولپور اور چولستان سمیت ملک بھر کے لوگوں کے علاوہ بھارت، مصر، ایران، جرمنی، لیبیا، سعودی عرب، سوڈان، ملائشیا،فلسطین ،اردن ، اومان ، اور شام سے آئے ہوئے مہمان بھی شامل تھے ۔ میلے میں روایتی کھیل، رسہ کشی ، پتلی تماشہ ، بند ر کے علاوہ سانپ اور سپیرے لوگوں کی توجہ کا مر کز بنے رہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ اونٹوں ، گھوڑوں ، بکریوں کا رقص بھی خوب سراہا گیا ۔ چولستانی دستکاریاں، کھسے، چنریاں ، مٹی کے برتن کے سٹالوں پر بھی کافی رش رہا جبکہ چولستانی کھانوں کے سٹال پر لوگ مزے لے لے کر کھانا کھاتے رہے۔
———————-
——————–
سیاسی میدان میں میں ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے: میاں اصغر علی بھٹی
ڈیرہ غازی خان (این این اے ) سیاسی میدان میں میں ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے میاں اصغر علی بھٹی یونین کونسل سمینہ سادات کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت امیدوار چیئر مین یونین کونسل نمبر 49میاں اصغر علی بھٹی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو ہمیشہ عبادت سمجھ کر لیا ہے اور ہمیشہ عوامی مفادات کا تحفظ کیا ہے انہوں نے کہا کہ موضع صبرا ناچہ و سمینہ غربی کی مختلف برادریاں ڈھول برادری، ارائیں برادری گھلو برادری ، سمین برادری ، کلر برادری ، کورائی برادری ، پٹھان برادری ، کھوسہ برادری سمیت دیگر برادریوں نے بھر پور حمایت کا اعلان کیا ہے میاں اصغر علی بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مکینوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے انشاء اللہ الیکشن جیتنے کے بعد علاقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائوں گا ۔
———————-
——————–
الیکشن 2013-14کے لیے ہمارا الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ
ڈیرہ غازی خان ( این این اے ) یونین کونسل پائیگاں غربی چک نمبر 1 کے امیدوار چیئر مین بشیر احمد خان کھوسہ اور وائس چیئر مین محمد رفیق بدوئی نے کہا ہے کہ الیکشن 2013-14کے لیے ہمارا الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ برادری ، دوستوں اور بزرگوں کی محبت اور خلوص کی بنا پر ہو رہا ہے سردار سیف الدین خان کھوسہ کے گروپ سے ہم لوگ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں انشاء اللہ ہماری جیت عوامی مسائل حل کرنے میں معاون ہوگی ۔
———————-
——————–
سٹی اور صدر پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی
ڈیرہ غازی خان (این این اے ) سٹی اور صدر پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی تفصیلات کے مطابق حدود تھانہ سٹی بلاک نمبر 5کے عبدالعلی نے پولیس کو درخواست دی کہ ملزمان عبدالمجید وگیرہ دو افراد اسکا موٹر سائیکل چرا کر لے جا رہے تھے جنہیں تعاقب کرکے اسے قابو کر لیا جبکہ صدر پولیس کے اے ایس آئی عبدالشکور نے موضع چورہٹہ سے سجاد حسین کو دوران گشت گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے دو کپی شراب دیسی برآمد کر لی متعلقہ تھانوں کی پولیس نے مدعیان کی درخواستوں پر ضروری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
———————-
——————–
خرد برد کرنے اور دوران ڈیوٹی اہلکار کو گالی گلوچ کرنے پر پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج
ڈیرہ غازی خان (این این اے ) خرد برد کرنے اور دوران ڈیوٹی اہلکار کو گالی گلوچ کرنے پر پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج تفصیلات کے مطابق حدود تھانہ صدر موضع چورہٹہ اے ایس آئی ٹریفک سٹاف عبدالواحد نے پولیس کو تحریر دی کہ ملزمان عبدالرئوف وغیرہ دو افراد سے موٹر سائیکل کے کاغذات طلب کیے تو ملزمان نے گالی گلوچ دی اور کار سرکار میں مداخلت بھی کی جبکہ سول لائن پولیس کو فرید آباد کالونی کے وقار نے درخواست دی کہ ملزمان جاوید وغیرہ تین افراد نے دوستانہ تعلقات کی بنا پر کار مالیتی 8لاکھ روپے کی لی جو واپس نہ کی ملزمان نے میر ساتھ دھوکہ کیا ہے متعلقہ تھانوں کی پولیس نے مدعیان کی درخواستوں پر ضروری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
———————-
——————–
کھیل کے تنازعہ پر آزادانہ تصادم میں ایک شخص ہلاک چھ افراد زخمی
پیرمحل (این این اے ) کھیل کے تنازعہ پر آزادانہ تصادم میں ایک شخص ہلاک چھ افراد زخمی تفصیل کے مطابق چک نمبر660/1گ ب میں فٹ بال کے کھیل کے تنازعہ پرڈنڈوں سوٹوں کے آزادانہ تصادم فائرنگ کے نتیجہ میں ناصر محمود ولد نصیر احمد ہلاک ہوگیا جبکہ چھ افراد جن میں یعقوب ، عارف ،نصیر ، جمیل ، ندیم ، ریاض پسران نصیر ، بلال ولد غلام محمد شدید زخمی ہوگئے تھانہ پیرمحل پولیس نے وقوعہ پر پہنچ کرکاروائی شروع کردی
———————-
——————–
گھریلو تنازعہ پر کلہاڑیوں کے وار سے شدید زخمی ہونے والی خاتون موت وحیات کی کشمکش
پیرمحل ( این این اے) گھریلو تنازعہ پر کلہاڑیوں کے وار سے شدید زخمی ہونے والی خاتون موت وحیات کی کشمکش کے بعد دم توڑ گئی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تفصیل کے مطابق سی پلاٹ کے رہائشی عاشق علی نے گھریلو تنازعہ پراپنی بیوی مسرت بی بی دختر برکت علی کو کلہاڑیوں کے وار کرکے شدید زخمی کرڈالا جس کو نازک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ ریفر کردیا جہاں پر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہ کر مسرت بی بی ہلاک ہوگئی پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر عاشق علی کے خلاف کاروائی شروع کردی مقتولہ دس بچوں کی ماں ہے جس میں پانچ بیٹے پانچ بیٹیاں ہے
———————-
——————–
دیہاتی سطح پر پنجاب یوتھ فیسٹول 2014 یونین کونسل نمبر 48 کے عہدیداران ممبران کا اعلان
پیرمحل ( این این اے) دیہاتی سطح پر پنجاب یوتھ فیسٹول 2014 یونین کونسل نمبر 48 کے عہدیداران ممبران کا اعلان کر دیا گیا کنوینئر محمد قاسم بھٹی ، سیکرٹری محمد اشرف ، ممبران گل شیر ، محبوب عالم بھٹی ، صابراں بی بی ،ظفر اقبال ، نورن بی بی ، آمنہ بی بی ، قیصر عباس ، وسیم ساجد ، کونامزد کردیا گیا کھیل شیڈول کے مطابق مورخہ23دسمبر 2013تا24دسمبر کرکٹ ٹیپ بال ، 25 دسمبر اتھلیٹکس کے مقابلہ جات جبکہ 26دسمبر تا27دسمبر بیڈمنٹن۔28دسمبر کو بلیئرڈ سنوکر ،29دسمبرتا30دسمبر کو والی بال کے مقابلہ جات ہونگے یکم جنوری 2014کو حسن قرات اور نعت خوانی کے مقابلہ جات ہونگے مقابلہ جات چک نمبر321گ ب میں منعقد کیے جائیں جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر کشف ریاض اللہ صوبائی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن ہونگے اول دوم پوزیشن ہولڈر کو انعامات دیے جائیں گے
———————-
——————–
فحاشی کے اڈے پر چھاپہ اڈے کی مالکہ سمیت دو خواتین ایک شخص گرفتار ایک فرار
پیرمحل (این این اے ) فحاشی کے اڈے پر چھاپہ اڈے کی مالکہ سمیت دو خواتین ایک شخص گرفتار ایک فرار مقدمہ درج تفصیل کے مطابق بستی خانجوان میں فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مار کر پولیس نے اڈے کی مالکہ طاہرہ بی بی زوجہ منشاء سمیت دوخواتین رانی بی بی دختر گلزار ساکن غلام محمد آباد ، شازیہ بی بی دختر شفیع محمد ساکن خانجوان ، مظہر اقبال ولد ظفر اقبال ساکن 290گ ب کوگرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم فرارہوگیا پولیس نے گرفتارملزمان کے خلاف زیردفعہ 371A-371Bکے تحت مقدمہ درج کرلیا
———————-
——————–
نامعلوم چور ہزاروں روپے مالیت کا ٹرانسفارمر چوری کر کے لے گئے
پیرمحل (این این اے ) نامعلوم چور ہزاروں روپے مالیت کا ٹرانسفارمر چوری کر کے لے گئے بجلی چوری کرنے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امام مسجد کے خلاف مقدمہ درج تفصیل کے مطابق چک نمبر661/2گ ب میں راشد عمران ولد عبدالطیف کے ٹیوب ویل سے نامعلوم چور رات کے وقت ٹیوب ویل کا ٹرانسفارمر چوری کرکے لے گئے رائو عابد بشیر ایس ڈی سب ڈویژن فیسکو کی درخواست پر پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا چک نمبر681/22گ ب کے رہائشی محمد بخش ولد عثمان خان کے خلاف بجلی چوری کرنے پر مقدمہ درج کرلیا عطاء ٹائون کی جامع مسجد کے خطیب امام شہزاد ولد عبدالرشید کو لائو ڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس نے پکڑکر4ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا
———————-
——————–
سی ایم او بیسک ہیلتھ یونٹ چناری ڈاکٹر منشاء طاہر قریشی بہترین حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت سے عوام علاقہ چناری کی خدمات کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل رہتے ہیں: راجا محمد اکبر خان
ہٹیاںبالا( این این اے) معروف سیاسی و سماجی شخصیت راجا محمد اکبرخان المعروف ایرانی اکبر نے کہا ہے کہ سی ایم او بیسک ہیلتھ یونٹ چناری ڈاکٹر منشاء طاہر قریشی بہترین حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت سے عوام علاقہ چناری کی خدمات کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل رہتے ہیں بیسک ہیلتھ یونٹ چناری کی تاریخ میں موصوف واحد ڈاکٹر ہیں جو ڈیوٹی اوقات کے اختتام کے باوجود دن چار بجے تک عوام کی مسیحائی کرنے کیلئے ہسپتال میں موجود رہتے ہیں موصوف کی چناری تعیناتی کے بعد سے بیسک ہیلتھ یونٹ میں روزانہ سینکڑوں مریض ان کی خدمات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے صحت یاب ہو رہے ہیں موصوف انتہائی فرض شناسی اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں علاقے کے غریب عوام ان کی مزید ترقی و کامیابی کیلئے دعا گو رہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیاانہوں نے کہا ڈاکٹر منشاء طاہر قریشی حقیقی معنوں میں پیشہ ِ مسیحائی کاحق ادا کر رہے ہیں ۔
———————-
——————–
فخرکشمیر صدر مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر نے امرہ ساون لنک روڈ کی پختگی کا دیرینہ عوامی مطالبہ پورا کر کے عوام علاقہ کے دل جیت لیئے
ہٹیاںبالا (این این اے) فخرکشمیر صدر مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر نے امرہ ساون لنک روڈ کی پختگی کا دیرینہ عوامی مطالبہ پورا کر کے عوام علاقہ کے دل جیت لیئے ہیں لیڈر آف اپوزیشن صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیرراجا فاروق حیدر خان نے اپنے آبائی ضلع کے نواحی و پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے امرا ساون لنک روڈ کی پختگی کامنصوبہ دینے پر اہلیان امرا ساون صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیرراجافاروق حیدرخان،ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر مرزاآصف علی مغل،صدر مسلم لیگ ن ضلع ہٹیاںبالا فرید خان اور تحصیل جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن ہٹیاں بالا ڈاکٹر منیر ہمدانی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کی بدولت عوام علاقہ امرا ساون کو سفر کی جدید سہولیات کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے امرا ساون لنک روڈ کی پختگی سے عوام علاقہ کی بڑی تعداد مستفید ہوگی۔
———————-
——————–
عبداللہ ہارون سکول گڑتھامہ میں تعلیمی ماحول کی کمی کے باعث مستقبل کے ننھے معماروں پر انتہائی منفی اثر مرتب ہو رہا ہے
ہٹیاںبالا( این این اے) پی ایس ایف کے راہنماء راجا عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ عبداللہ ہارون سکول گڑتھامہ میں تعلیمی ماحول کی کمی کے باعث مستقبل کے ننھے معماروں پر انتہائی منفی اثر مرتب ہو رہا ہے مادر علمی سیاسی اکھاڑے کی منظر کشی کرتا ہے سکول کی حالت زار پر دل کان کے آنسو روتا ہے ادارہ کو ہائی سکول کا درجہ ملے ہوئے پانچ سال کا عرصہ بیت چکا ہے مگر تاحال سکول میں سٹاف کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکا ادارے کے زیر تعلیم رہنے والیاکثر بچے پرائیویٹ تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں چیر مین وزیر اعظم معائنہ کمیشن صاحبزادہ اشفاق ظفرکو اس بارے آگاہ کیا گیا تھا تاہم اس سنجیدہ مسئلے کا تاحال کوئی مناسب حل نہیں نکالا جاسکا خیالات کا اظہارانہوں نے یہاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا مادر علمی کی اصلاح احوال کے بغیر تعلیمی انقلاب ممکن نہیں ہے۔
———————-
——————–
تھانہ پولیس کی ھدود میں منشیات فروشی عروج پر
ہٹیاںبالا( این این اے) تھانہ پولیس کی ھدود میں منشیات فروشی عروج پر کوئی پوچھنے والا نہیں سکول کے کم سن بچے بھی اس لت میں گرفتار معاشرے کے ناسور منشیات فروش سر عام شاہراوں پر منشیات فروشی کر رہے ہیں تھانہ پولیس چناری صرف تھانہ کی عمارت تک محدود ہو کر رہ گئی ہے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ منشیات فروشوں کی اطلاع تھانہ پولیس چناری پہنچنے پر منشیات فروش باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انتطامیہ اس گھنائونے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرے ۔
———————-
——————–
مرکزی انجمن تاجران میرپور کے صدر چوہدر محمد نعیم نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید سے مطالبہ
میرپور(این این اے) مرکزی انجمن تاجران میرپور کے صدر چوہدر محمد نعیم نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید سے مطالبہ کیا ہے کہ ادار ہ ترقیات میرپور کے تما م سیکٹر ز کے الاٹیوں کو پلاٹس کی مکمل نشاندی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اْٹھائے جائیں ۔مجاہد ٹاون کے تمام فیز کے معاملات بھی طویل عرصہ سے حل طلب ہیں۔ادارہ ترقیات شہریوں کی امانتوں کا امین ہے اور بنائے گئے تمام سیکٹرز کی ڈویلپنگ اس کا فرض ہے ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے اپنے آفس میں آنے والے مختلف وفود سے ساتھ باتیں کرتے ہوئے کیا۔وفود نے بتایا کہ ادارہ ترقیات کے ذمہ داران طویل عرصہ سے ان کے الاٹ شدہ پلاٹس کی نشاندہی سے لیت و لعل سے کام لے رہیے ہیںاور انکی داد رسی ممکن نہیں ہے۔جس پر صدر انجمن تاجران چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ میرپور میں ادارہ ترقیات کا قیام اسی لیے عمل میں لایا گیاتھاکہ بے گھر شہریوں بالخصوص متاثرین منگلا ڈیم کو رہائشی سہولیات دستیاب ہوسکیں ۔اْنہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات کے قیام سے لیکر اب تک ہزاروں افراد اپنے پلاٹس کی نشاندہی کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر چونکہ ادارہ ترقیات کے چیرمین بھی ہیں اس لیے اْنہیں وزیر حکومت محمد حسین سرگالہ کو اس اہم مسئلہ کو یکسو کرنے کی جانب ڈائریکشن دینی چاہیے
———————-
——————–
محمد دین بٹ پارک نانگی کی تزئین و آرائش کیلئے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور الحاج غلام رسول عوامی کی کوششیں
میرپور (این این اے) مرکزی انجمن تاجران میرپور کے نائب صدر شیخ حمید الحق نے کہا ہے کہ محمد دین بٹ پارک نانگی کی تزئین و آرائش کیلئے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور الحاج غلام رسول عوامی کی کوششیں یار آور ثابت ہورہی ہیں۔پارک کے اردگرد صفائی کا بہتر انتظام وقت کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔اْنہوں نے کہا کہ محمد دین بٹ پارک نانگی طویل عرصہ سے فیملیوں کیلئے ممنوعہ بنارکھاتھا۔اب موجودہ ایڈمنسٹریٹر غلام رسول عوامی نے پارک سے غیر ضروری ٹھیلوں کو ختم کرکے اْسکی تزئین و اْرائش کا جو سلسلہ شروع کر رکھاہے اْسے تاجران انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اْنہوں نے اْمید ظاہر کی کہ پارک کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے فیملیوںکیلئے کھولا جائے گا۔
———————-
——————–
انٹر فیتھ پرے پاکستان سیمنار سے خطاب
راولپنڈی( این این اے) انٹر فیتھ پرے پاکستان سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین امن کمیٹی معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے، کہ اسلام غیر مسلموں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے ۔بین المذاھب میں اہم آہنگی کی ضرورت ،اقلیتی عبادتگاہوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔سازش کیسی بھی ہوں ، مسلم و مسیح متحد ہو کر ہر چشم بد سے ارض وطن کو بچائیں گے ۔مذہبی اختلاف کے باوجود تمام مذاھب دھشتگردی کے خاتمے پر متفق ہیں ۔ قومی یکجہتی میں ہی پاکستان اور ہماری بقی ہے ۔ محب وطن مذاھب کو پاکستان میں ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے ۔کیونکہ ہم مسلمان جس مذھب کے داعی ہیں ، وہ ہمیںبین المذاھب میں ٹاکرے کی بجائے ٹاک کی ا جازت اور غیر مسلموں کے حقوق کی پاسداری کا حکم دیتا ہے ۔انسانیت سے پیار کرنا ہی سب سے بڑ امذھب ہے ۔ پاکستان کے جھنڈے کی طرح مسلم و مسیح کی محبت کاسلسلہ بھی ہمیشہ بلند رہے گا۔ دنیا ء کفر دھشتگردی کی آڑ میں دھشتگردی پھیلانے کا سلسلہ بند کرے ۔ ملک کی بگڑتی صورت حال درست کرنے اور دھشتگردی کے خاتمے کیلیے تمام مذاھب متحد ہوجائیں۔ اسی میں ہم سب کی بقا ہے
———————-
——————–
اربوں روپیہ کے خرچ پر ایوان بالا سمیت تمام ایوانوں کے ہونیوالے اجلاسوں میں مسائل
کراچی (این این اے) اربوں روپیہ کے خرچ پر ایوان بالا سمیت تمام ایوانوں کے ہونیوالے اجلاسوں میں مسائل کے دلدل میں پھنسے ہوئے ملک کے مظلوم عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے سلسلے میں کوئی قانون سازی نہیں کی جا رہی بلکہ ملکی ایوان تو امیر طبقات کیلئے ایک سوشل کلب بن چکے ہیں جن کے اجلاس ان کیلئے ایک سیرو تفریح کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہیں ۔ یہ باتیں محترمہ غنویٰ بھٹو نے اپنے جاری بیان میں کی نہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے دہشتگردی ایک وبا کی طرح پھیلتی جارہی ہے لیکن حکمران طبقات نت نئے ڈراموں کے ذریعے کبھی الفاظ تو کبھی رویوں کا رونا روتے ہوئے کبھی اسمبلی کے اندر تو کبھی باہر ڈرامے رچا کر غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی کے کروڑوں روپیہ اپنے کرایوں اور رہائش کے اخراجات میں ہضم کر لیتے ہیں لیکن ملک کی حزب اختلاف نے کبھی کسی حقیقی عوامی مسائل کے سلسلے میں واک آئوٹ یا اسمبلی کے باہر اسمبلی نہیں لگا ئی۔