اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا 67 واں یوم تاسیس آج ملک بھر میں منایا جائے گا
Posted on December 23, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور ( 23 دسمبر 2013ئ) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا 67 واں یوم تاسیس آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔ 66 سال قبل لاہور میں 25 طلبہ نے قیام پاکستان کے چند ماہ بعد23دسمبر 1947ء کو اس تنظیم کی بنیاد رکھی تھی۔ آج ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں لاکھوں طلبہ اس کے ساتھ وابستہ ہیں۔
جمعیت کا نصب العین ” اللہ اور اس کے رسول ۖ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ”ہے۔ جمعیت ملک میں طلبہ کی سب سے بڑی اور واحد منظم ملک گیر تحریک ہونے کے ساتھ ساتھ طلباء کی عالمی تنظیموںورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ(WAMY) ، انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشن(IIFSO)اور ایشین فیڈریشن آف مسلم یوتھ(AFMY) کی بھی ممبر ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ میں IIFSOکی جانب سے طلبہ کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جائیں گی، مرکزی تقریب اچھرہ میں منعقد ہوگی ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، جب کہ جمعیت کے مرکزی سیکرٹریٹ کا آج افتتاح بھی کیا جائے گا۔