حکومت پاک فضائیہ کو ڈرون گرانے کی اجازت دے، پاکستان دفاع کونسل جرگہ کی قرارداد

 Pakistan Defense Council

Pakistan Defense Council

پشاور (جیوڈیسک) دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام پشاور میں جرگہ ہوا جس میں ڈرون حملوں، مہنگائی، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے خلاف قرار داد منظور کی گئی۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پاک فوج کو ڈرون گرانے کی اجازت دی جائے،پانچ فروری کو یوم کشمیر زور وشور سے منایا جائے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ سے باہر نکلے۔

قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن بند کیا جائے، ڈرون حملوں،ن یٹو سپلائی کیخلاف تحریک تیز کی جائے۔خیبرپختونخواہ میں ڈرون حملے بند کرنے کی حمایت کی گئی۔ تمام مسائل گفت وشنید سے حل کیے جائیں۔ جرگہ میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما کو دی جانے والی پھانسی کی بھی مذمت کی گئی۔

المرکز اسلامی پشاور میں ہونے والے جرگے میں امریکی ڈرون حملے، قبائلی علاقہ جات کی صورتحال اور نیٹو سپلائی کی بندش کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ ڈرون حملے ملک کے خلاف سازش ہیں، قبائل کو پاکستان کی حفاظت کی سزا دی جا رہی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا فرقہ واریت کا طوفان امریکی جنگ کے باعث آیا، پاکستان آج امریکی جنگ سے الگ ہوجائے کل ملک بھر میں امن ہو جائے گا۔

جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکا نے ڈرون حملوں کے ذریعے ملک کی خود مختاری اور آزادی کو ڈھیر کر دیا، ڈرون گرانا پاک فوج کی ذمہ داری ہے۔

اہل سنت و جماعت کے قاری محمد ایوب، مسلم لیگ زیڈ کے صدر اعجاز الحق، جنرل ریٹائرڈ حمید گل، مولانا فضل الرحمن خلیل اور دیگر قائدین بھی جرگے سے خطاب کیا۔