پولو گراؤنڈ کیس: سابق صدر زرداری کا احتساب عدالت میں پیش ہونے سے انکار

 Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت میں پولو گراؤنڈ کیس میں سابق صدر زرداری نے سیکورٹی ملنے تک پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک کہتے ہیں مناسب سیکورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث آصف زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب حکام سے سیکورٹی انتظامات کی رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری کی جان کو خطرہ ہے۔

کراچی میں سابق صدر کے محافظ کو قتل کر دیا گیا تھا، مناسب سیکورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی کو سابق صدر کی فول پروف سیکورٹی کے لئے خط لکھا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ریفرنسز کی سماعت کے لئے نئی تاریخ مقرر کی جائے،عدالت نے مقدمے کی سماعت نو جنوری تک ملتوی کر دی۔آئندہ سماعت پر نیب سے آصف زرداری کی سیکورٹی سے متعلق جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ نیب حکام وزارت داخلہ اور پولیس سے رابطہ کر کے آصف زرداری کی سیکورٹی انتظامات سے متعلق آگاہ کریں۔

نو جنوری کو آصف زردری کے خلاف پولو ریفرنس میں فرد جرم عائد ہو گی، سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کو سیکورٹی خدشات کا سامنا ہے، اس لئے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ گزشتہ 3 سماعتوں کے دوران آصف زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔