اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف نے غداری کیس کیلئے خصوصی عدالت کے ججوں اور پراسیکیوٹر کی تقرری کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی۔
سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے خصوصی عدالت کے ججوں اور پراسیکیوٹر کی تقرری کے خلاف ایڈووکیٹ انور منصور نے دو الگ الگ درخواستیں عدالت میں دائر کر دی ہیں۔
پرویز مشرف خصوصی عدالت میں غداری ٹرائل کو پہلے ہی چیلنج کر چکے ہیں، غداری کے مقدمے کے ٹرائل کیخلاف دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی کر رہے ہیں۔
پرویز مشرف کے وکیل ایڈووکیٹ خالد رانجھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی نہیں ہو سکتی، سابق آرمی چیف کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے، خصوصی عدالت میں سابق آرمی چیف کا ٹرائل نہیں کیا جا سکتا۔