لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف کہتے ہیں حکومت کا فوکس امداد نہیں تجارت ہے۔ ترک سرمایہ کار مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔
لاہور میں پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اقتصادی تعلقات بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان پر دوسرے ملکوں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
توانائی بحران کے باعث ملک کی اقتصادی ترقی دباؤ کا شکار ہے۔ توانائی منصوبوں میں بھی ترکی کے تعاون کے خواہاں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کیساتھ سیاحت اور زراعت سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکی نے تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے۔