کلاشنکوف کے موجد کا 94 سال کی عمر میں انتقال

Mikhail

Mikhail

ماسکو (جیوڈیسک) میخائل کلاشنکوف نے آٹومیٹک رائفل اے کے فورٹی سیون کی ایجاد سے دنیا بھر میں شہرت پائی۔ کلاشنکوف کو دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے خود کار ہتھیار تسلیم کیا جاتا ہے۔ میخائل نے یہ رائفل 1947ء میں تیار کی۔ وہ ہائی سکول کی تعلیم بھی مکمل نہ کر سکے تھے لیکن انجینئرنگ میں شوق کے باعث انہوں نے دنیا کو کلاشنکوف کی صورت میں ایک جدید ترین ہتھیار دیا۔ کلاشنکوف سے بے گناہوں کی ہلاکت پر میخائل کو اکثر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ میخائل کلاشنکوف نے 1963ء میں پہلی کلاشنکوف بنائی جسے اے کے ایم کا نام دیا گیا۔

میخائل کلاشنکوف 10 نومبر 1919ء میں روس کے علاقے التائی میں واقع ایک چھوٹے سے گاؤں قریا میں پیدا ہوئے۔ وہ 18 بچوں میں سے ایک تھے جن میں سے صرف 6 بچے ہی بچ پائے۔ ان کو 1938 میں ریڈ آرمی میں شامل کیا گیا۔ وہ اسلحے کے ڈیزائن میں ماہر تھے اور اسی لیے ان کو روسی ٹینک رجمنٹ میں اسلحے میں بہتری کی ڈیوٹی سونپی گئی۔ اکتوبر 1941 میں جس ٹینک کی وہ کمانڈ کر رہے تھے اس پر جرمن گولہ لگا اور وہ زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے کے بعد ہی انہوں نے کلاشنکوف رائفل کے ڈیزائن پر کام شروع کیا۔ جرمنی نے ایک رائفل تیار کی تھی جس میں عام رائفل کی خصوصیات کے ساتھ سب مشین گن کی خصوصیت بھی تھی۔ جرمنی کے ساتھ جنگ میں روسی فوج کو اکثر شدید فائرنگ کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کا توڑ ان کے پاس نہیں تھا۔ زخمی حالت میں جب وہ ہسپتال میں تھے تو ایک اور فوجی نے ان سے پوچھا کہ کیوں روس کے پاس ایک ایسی بندوق نہیں ہے جو جرمنی کی نئی بندوق کا مقابلہ کر سکے۔ میخائل کلاشنکوف کا کہنا ہے کہ ”میں نے اس فوجی کے لیے ایک مشین گن تیار کی۔

اس کو ایوٹومٹ کلاشنکوف کا نام دیا گیا جس کا مطلب ہے کلاشنکوف کا خود کار ہتھیار”۔ شروع میں اس ہتھیار میں کچھ خرابیاں سامنے آئیں لیکن 1947ء میں ایوٹومٹ کلاشنکوف کا ماڈل مکمل کیا اور بہت جلد یہ رائفل اے کے 47 کے نام سے مشہور ہو گئی۔ روسی فوج نے اس رائفل کو 1949ء میں اپنی فوج میں شامل کیا اور سینیئر سارجنٹ میخائل کلاشنکوف کو سٹالن فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ ان اعزازت کی لمبی فہرست میں سے ایک ہے جن سے ان کو نوازا گیا۔

دیگر ایوارڈز میں آرڈرز آف لینن ہے جو ان کو تین بار دیا گیا اور ہیرو آف سوشلسٹ لیبر۔ 1987ء میں ان کو ازوسک نامی شہر کا اعزازی شہری بنایا گیا جہاں 1949 سے ان کی رہائش تھی اور جہاں انہوں نے کام کیا۔