اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کے غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیش نہ ہونے پر سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ سرکاری وکیل نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا کر دی۔
پرویز مشرف کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان کی جان کو شدید خطرہ ہے اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر سماعت ساڑھے 9 بجے شروع ہوئی تو سرکاری وکیل نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کر دی۔
پرویز مشرف کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ ابھی ہمیں پتہ چلا ہے کی پرویز مشرف کی جان کو شدید خطرہ ہے، اس لیے وہ پیش نہیں ہوئے۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اگر سیکیورٹی کا کوئی معاملہ ہے تو درخواست دائر کریں، اگر کوئی خطرہ ہے تو عدالت بالکل غور کرے گی۔
پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست دائر کی ہے جس میں عدالت کے اختیار سماعت، بنچ کی تشکیل اور ججز کی نامزدگی پر اعتراضات ہیں، ہمیں ابھی تک کمپلینٹ کی کاپی نہیں ملی۔ عدالت کی طرف سے رجسٹرار نیاسی وقت کمپلینٹ کی کاپی پرویز مشرف کے وکلا کے حوالے کر دی۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کی موجودگی کے بغیر کاروائی آگے نہیں بڑھ سکتی، یہ فوجداری مقدمہ ہے جس کے لیے ملزم کی موجودگی ضروری ہے۔ مقدمے کی سماعت 11 بجے دوبارہ ہو گی۔