پاکستان کی ترقی میں مسیحی عوام کے کردار سے انحراف نہیں کیا جا سکتا۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی عوام کو اہم کردار ہے جس سے انحراف ممکن نہیں مسیحی عوام نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے متحدہ قومی موومنٹ مسیحی عوام کی پاکستان کے لئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے بحیثیت قوم مسیحی عوام اور اُن کی عبادت گاہوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈ منسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں قائم مسیحی بستیوں اور عبادت گاہوں کا تفصیلی دورہ کر کے کرسمس کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ اور مسیحی عوام کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی کے سپرٹنڈنگ انجینئر اقتدار احمد ،سپرٹینڈنگ انجینئر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شاہ فیصل محمد زاہد ،شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے ایگزیگٹیو انجینئر اسلم پرویز ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس عبدالکریم ،انفارمیشن افیسر شاہ فیصل محمد ارشد اور دیگر موجود تھے۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے مسیحی عبادت گاہوں کے دورے پر مسیحی مذہبی رہنمائوں سے ملاقات کی اور انہیں کرسمس کیک اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے انہوں نے مسیحی عوام کو کرسمس کی مبارکباد بھی پیش کی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے مسیحی عوام سے اپیل کی کہ وہ کرسمس کے موقع پر اپنی عبادات میں پاکستان کی ترقی و سلامتی اور خوشحالی اور قائد تحریک محترم الطاف حسین کی صحت و تندروستی اور سلامتی کے کے لئے خصوصی دعاء کریں انہوں نے مسیحی عوام کو یقین دلایا کہ حق پرست قیادت ہر خوشی اور غم میں اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ ہے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے مسیحی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کورنگی میں قائم تمام مسیحی بستیوں اور گرجا گھروں کے اطراف کرسمس کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مسیحی عوام کو یقین دلا یا کہ مسیحی بستیوں میں مستقل بنیادوں بلدیات سہولیات کی فراہمی اور علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر عملد رآمد کے ذریعے مسیحی بستیوں میں مسائل سے پاک ماحول کا قیا م یقینی بنا یا جائے گا ۔اس موقع پر گرجاگھروں کے پادریوں نے کرسمس کے موقع پر بلدیاتی مسائل حل کرنے اور سہولیات کی کی فراہمی کے حوالے سے مثالی انتظامات کی انجام دہی پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کو خراج تحسین پیش کیا۔