نیروبی (جیوڈیسک) امریکا اور کینیا کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جنوبی سوڈان کے مسلح تنازع کے فریقین نے آپس کی لڑائی کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ساتھ ہی اقوام متحدہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ عالمی ادارہ جنوبی سوڈان میں اپنی امن فوج کی تعداد بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔
جوبا اور نیروبی سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق سوڈان اور جنوبی سوڈان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب ڈونلڈ بوتھ نے جوبا میں جنوبی سوڈانی صدر سلواکییر کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کہا کہ اس نو آزاد ریاست میں تباہ کن خونریزی کے خاتمے کے لیے کئی طرح کے اقدامات سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔
اسی دوران کینیا کے حکام نے جو مشرقی افریقی وزراء پر مشتمل ثالثی گروپ کا حصہ ہیں نیروبی میں کہا کہ فریقین کو ایک غیر جانبدار مقام پر مذاکرات کرنا چاہییں اور کینیا ان مذاکرات کی میزبانی پر تیار ہے۔