اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں پارلیمانی امور کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد چیئرمین میاں منان کی زیر صدارت ہوا۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پنجاب میں 30 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 30 جنوری تک ممکن نہیں اور نئی حلقہ بندیوں کے خلاف 4 ہزار اپیلیں زیر سماعت ہیں اس پر چیئرمین میاں منان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات مکمل تیاری کے بعد خیبر پختونخوا کے ساتھ ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں مزید وقت حاصل کرنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔ بلدیاتی الیکشن کے لئے 4 لاکھ بائیومیٹرک ڈیوائسز درکار ہیں۔
اس کے لیے فنڈز کہاں سے آئیں گے۔ قائمہ کمیٹی کی سفارش نے بلدیاتی انتخابات مارچ 2014 میں کرانے کی سفارش کر دی۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے بھی قائمہ کمیٹی کی اس تجویز سے اتفاق کیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی بلدیاتی انتخابات مارچ 2014 میں کرنے کی قرارداد منظور کر چکی ہے ہم قومی اسمبلی کا حصہ ہیں۔ قرارداد سے باہر کیسے جا سکتے ہیں۔