عبدالحمید کا قتل مسلم لیگ ن کو بلدیاتی انتخابات سے دور رکھنے کی کڑی ہے۔ انور عصمت محسود

کراچی : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء انور عصمت محسود نے مسلم لیگ (ن) ڈسٹرکٹ کورنگی کے رہنماء عبدالحمید کے قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبدالحمید کا قتل مسلم لیگ (ن) کو بلدیاتی انتخابات سے دور رکھنے کی کڑی ہے عوام دشمن قوتیں شہر کراچی میں مسلم لیگ(ن) کی بڑھتی ہوئے عوامی مقبولیت سے خائف ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہیں یہ بات انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کے قتل پر ہسپتال میں موجود کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انور عصمت محسود نے کہا کہ میاں نواز شریف کے مجاہد وں کو بزدلانہ کاروائی سے خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا شہر میں قیام امن کے لئے مسلم لیگ(ن) کے کارکنان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ عبدالحمید نے شہر سے بھتی خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی جان گنوا دی عبدالحمید کا مشن جاری رہے گا ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء انور عصمت محسود نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کے مسلم لیگ(ن) ڈسٹرکٹ کورنگی کے رہنماء عبدالحمید کے قتل کا فوری نوٹس لے کر قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قاتلوں اور اُن کے سرپرستوں کو عبرتناک سزا دی جائے انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور شہر سے تاریکی کے خاتمے کے لئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔

اس موقع پر انہوں نے کارکنان کے ہمراہ عبدالحمید شہید کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور لواحقین کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔