لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک لاہور میں مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور بدامنی کیخلاف ریلی نکال رہی ہے، یہ ریلی ناصر باغ سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہو گی۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کی ٹولیاں صبح ہی ناصر باغ پہنچنا شروع ہو گئیں۔
دوسرے شہروں سے بھی گاڑیوں کے قافلے آرہے ہیں، خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود ہے، شرکا نے پاکستان عوامی تحریک اور قومی پرچم اٹھا رکھے ہیں اور وہ مہنگائی اور بدامنی کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں، پمفلٹ بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں، ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک فیڈرل کونسل کے صدر حسین محی الدین قادری کریں گے۔
پولیس کی بھاری نفری ناصر باغ، چوک انارکلی، ہائیکورٹ چوک، ریگل چوک اور چیرنگ کراس چوک میں موجود ہے، ریگل چوک میں بڑی اسکرینیں لگا دی گئی ہیں، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری ریلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔