شدید سردی کی لہر مزید تین دن تک جاری رہے گی، محکمہ موسمیات

 Cold

Cold

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا، قلات میں درجہ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ اور کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 12 سینٹی گریڈ نیچے گر گیا ادھر میران شاہ گردو نواح میں 5 سال بعد برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ جنوری کے آغاز سے پہلے ہی، سردی کا موسم مزید رنگ دکھانے لگا۔

کہیں ٹھنڈی ہوائیں، کہیں برف باری تو کہیں موسم ابر آلود ہے۔ یہ ہیں ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں کا احوال۔ جہاں سردی کی لہر جم کر رنگ دکھا رہی ہے۔ شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات اور کوئٹہ میں درجہ حرارت کم ہونے سے، گھروں میں موجود پانی تک جم گیا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گلگت، اسکردو، استور، دیامر، ہنزہ نگر اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت مزید کم ہو رہا ہے۔ برف باری اور ٹھنڈی ہواوں نے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کیے ہیں۔ غذر کے بالائی پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری جبکہ میدانی علاقوں میں موسم آبر آلود ہے۔

جنوبی وزیرستان، میران شاہ میں 5 سال بعد برفباری کے بعد ٹھنڈی اور تیز ہوائیں چلنے لگی جس سے موسم نہایت سرد ہوگیا۔ پنجاب، سندھ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے سرد ہواوں کے چلنے سے صبح اور شام کے اوقات میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی لہر مزید تین دن تک جاری رہے گی۔