نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منموہن سنگھ اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہو رہے۔ اس سے قبل بھارتی میڈیا میں ان کے استعفے سے متعلق متضاد اطلاعات گردش کررہی تھیں۔
بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات آئندہ تین سے چار ماہ میں متوقع ہیں، اور ان دنوں ہی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے استعفے کے متعلق بھی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منموہن سنگھ تین جنوری کو پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔
من موہن اپنی پریس کانفرنس میں حکومت کی کارکردگی سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گے، ان کے برسر اقتدار رہنے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب وہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس کی وجہ سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ان خبروں کے بعد بھارتی وزیر اعظم کے ترجمان کی طرف سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ منموہن سنگھ مستعفی نہیں ہونگے۔