ابوظبی ٹیسٹ کا دوسرا دن، پاکستان کی بیٹنگ جاری

Misbah

Misbah

ابوظبی (جیوڈیسک) ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستان نے گذشتہ روز کے اسکور 46 رنز ایک کھلاڑی آٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، احمد شہزاد 25 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔ ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بالرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت لنکن بیٹنگ کا قلعہ پاش پاش ہوگیا،پوری ٹیم صرف 204 رنز پر چت ہوگئی۔ جنید خان نیصرف 58 رنز کے عوض آدھی بیٹنگ لائن ٹھکانے لگا دی۔

ڈیبیو کرنے والے بلاول بھٹی نے تین کھلاڑیوں پر ہاتھ صاف کیا جبکہ سعید اجمل نے دو وکٹوں پر اکتفا کیا۔ جے کے (جنید خان) اور بلاول نے مضبوط سری لنکن بیٹنگ لائن کو تاش کے پتوں کی طرح بکھیر دیا۔ کپتان اینجلو میتھیوز کے سوا کوئی اور پلیئر مزاحمت نہ کرسکا۔وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور نو رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ اچھے آغاز کے باوجود سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ منگل کو ابوظبی میں پاکستانی قائد مصباح الحق نے ٹاس جیت کر اپنے بولرز کے ہاتھ میں گیند تھما دی۔

جنید خان اینڈ کمپنی نے کپتان کے اس اظہار اعتماد کو درست ثابت کر دکھایا۔ پاکستان کی پیس بیٹری نے چارج ہونے میں تھوڑا ٹائم لیا اس دوران سری لنکن اوپنرز دموتھ کرونارتنے اور کوشل سلوا نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کردیا۔ اس موقع پرجنید نے 38 پر کھیلتے کرونارتنے کی وکٹ لیکر ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ کھانے کے وقفے پر سری لنکا کا اسکور ایک وکٹ پر 66 رنز تھا۔ وقفے کے بعد جنید خان اور بلاول بھٹی دوسرے روپ میں دکھائی دیے اور تباہی پھیلا دی۔ کوشل سلوا 20،کمار سنگاکارا 16، مہیلا جے وردھنے 5، دنیش چندیمل صفر، پرسننا جے وردھنے اور سچترا سینانائکے 5،5، رنگانا ہیراتھ صفر اور شمندا ایرانگا 14 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

کپتان اینجیلو میتھیوز نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے اسے مکمل تباہی سے بچایا، وہ 91 رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار ہوئے۔ اس اننگز کے دوران عدنان اکمل کی وکٹ کیپنگ شاندار رہی انہوں نے وکٹ کے پیچھے پانچ شکار کیے۔ عدنان اکمل نے کیریئر میں پہلی بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے،ان کے شکاروں میں چار کیچز اور اسٹمپنگ شامل تھی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم جب پہلی اننگز کیلئے میدان میں اتری تو خرم منظور اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 46 رنز کا آغاز فراہم کیا، 46 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب خرم منظور غلط رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، خرم نے 21 رنز بنائے۔