لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں جیل روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی اور پرنسپل سروسز ہسپتال کے کمرے پر قبضہ کر لیا۔
لاہور میں ڈاکٹرز ایسو یسی ایشن نے نئے سال کا استقبال اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکال کر کیا۔ وائی ڈی اے کے تحت ڈاکٹرز بڑی تعداد میں سروسز ہسپتال میں اکٹھے ہوئے اور جیل روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی، ڈاکٹروں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ سال حکومت نے ہمارا سروس اسٹرکچر قائم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا اسے فی الفور پورا کیا جائے۔ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث جیل روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
ینگ ڈاکٹرز ریلی کے بعد سروسز ہسپتال چلے گئے اور پرنسل کے کمرے پر قبضہ کر لیا، پرنسپل مظاہرین کو دیکھ کر واپس چلے گئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مظاہرہ سڑکوں پر نہیں، ہسپتالوں کی انتظامیہ کے دفاتر میں ہو گا، ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی انتظامیہ چاہے تو ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
پولیس کی بھاری نفری بھی سروسز ہسپتال پہنچ گئی۔ مظاہرین کچھ دیر پرنسپل کے کمرے میں قابض رہے بعد میں پرنسپل اور ینگ ڈاکٹروں کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ پرنسپل نے ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔