امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں 2 دہائیوں بعد شدید ترین سرد موسم

Cold Weather

Cold Weather

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا کی مڈ ویسٹ اور شمال مشرقی ریاستوں میں 2 دہائیوں کے بعد شدید ترین سرد موسم کا سامنا ہے۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ، نظام زندگی معطل، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت، ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

امریکا میں شدید برفانی طوفان کے بعد شہریوں کو سخت سردی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی امریکا کے میدانی علاقوں سمیت ریاست اوہایو اور شمالی اور جنوبی ڈکوٹا سردی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگربنا حفاظتی اقدامات کے سردی میں نکلا گیا تو محض 5منٹ میں جسم جم سکتا ہے۔ شہریوں کو گھروں کے اندر بھی ٹھنڈ سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔

کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30 سے نیچے گر گیا ہے اور تیز سرد ہواوٴں کے ساتھ مزید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ سردی سے متاثرہ کئی ریاستوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

گھر، سڑکیں، گاڑیاں برف سے ڈھکی ہوئی ہیں اور لوگ سخت سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔ ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوچکا ہے۔ طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں۔