بنگلادیش: عام انتخابات کا پر امن انعقاد خطرے میں، اپوزیشن کا بائیکاٹ

Opposition

Opposition

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلادیش میں اپوزیشن جماعتوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے باعث عام انتخابات کا پر امن انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ جلاوٴ گھیراوٴ، لاٹھیاں، گولیاں، دسویں عام انتخابات سے ایک دن پہلے بنگلادیش کے مختلف شہروں کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔

اپوزیشن کی 20 جماعتوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا اور پھر الیکشن سے 48 گھنٹے قبل ہڑتال کی کال کے بعد آگ، فائرنگ، آنسو گیس اور پر تشدد مظاہروں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔

پولیس اور مخالفین میں جھڑپیں ہوئیں، ڈنڈے چلے، اب تک بنگلادیش میں کم سے کم 100 پولنگ اسٹیشن جلا دیے گئے ہیں جبکہ 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حزب اختلاف کی رہنما خالدہ ضیا گزشتہ کئی روز سے حکومتی احکامات پر گھر میں نظر بند ہیں۔

انہوں نے لوگوں سے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ کے باعث متنازع انتخابات میں وزیراعظم بنگلادیش شیخ حسینہ واجد کی عوامی لیگ کی فتح صاف نظر آرہی ہے۔