نوسر بازوں نے 75 سالہ بزرگ کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم سے محروم کر دیا

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) نوسر بازوں نے 75 سالہ بزرگ کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم سے محروم کر دیا۔ تفصیل کے مطابق حاجی محمد شفیع لوگوں کو عمرہ پر بھجوانے کیلئے ویزہ کا کام کرتا ہے۔ گزشتہ روز بنک سے رقم نکلوا کر گھر کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں 5 نوسربازوں نے اپنے ہاتھ میں تھیلی نیچے پھینک دی اور 75 سالہ بزرگ محمد شفیع کو کہا کہ آپ کی تھیلی نیچے گر گئی ہے اپنی تھیلی اٹھا لیں۔

اس کے ساتھ ہی انہی میں سے ایک ساتھی نے کہا کہ یہ تھیلی میری ہے اور اس نے چیک کرنا شروع کر دی جس میں انہوں نے سامان نہ ہونے کا واویلہ مچایا اور حاجی شفیع سے پوچھ گچھ شروع کر دی اور کہا کہ ہم اجنبی ہیں لہٰذا ہمیں بتائیں کہ کون شخص اٹھا کر لے گیا ہے جس پر 75 سالہ بزرگ پریشان ہو گیا اور اسی اسناء میں اس کو کار میں بٹھا کر لے جانے لگے اور شہر سے باہر 84 موڑ کے قریب دوبارہ اس کا تھیلا جس میں رقم اور سبزی وغیرہ تھی اسے تھما کر نیچے اتار دیا اور کہا کہ پیچھے مڑ کر دیکھو گے تو گولی مار دیں گے۔ جب حاجی محمد شفیع نے وہ تھیلہ چیک کیا تو صرف سبزی موجود تھی جبکہ وہ نوسرباز 1 لاکھ 20 ہزار لے کر رفوچکر ہو گئے۔