کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کا آج 86 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ قائد عوام کا لقب پانے والے ذوالفقارعلی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1963 میں ایوبی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے تاہم سیاسی اختلافات پر حکومت سے کنارہ کشی اختیار کر کے ترقی پسند دوستوں کے ساتھ مل کر 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔
پیپلز پارٹی سماجی انصاف، سوشلسٹ نظریات اور جمہوریت کے فروغ پر مبنی منشور کے باعث دن بدن مقبول ہو تی گئی۔ 1970 کے الیکشن میں زیڈ اے بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا۔ انتخابات میں کامیاب ہوکر اقتدار سنبھالا تو ملک دولخت ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر اور پھر 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے۔
1973 سے 1977 تک منتخب وزیراعظم رہے، ملک کو متفقہ آئین دیا، بھارت سے شملہ معاہدہ کر کے پائیدار امن کی بنیاد رکھی اور پانچ ہزار مربع میل کا علاقہ بھارت سے چھڑایا۔ بھٹو دور میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لئے کئی اقدامات کیے گئے، تا ہم مبینہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیا الحق نے منتخب حکومت کا تختہ الٹااور قتل کے الزام میں مقدمہ چلا کر 4 اپریل کو انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا، مگر بھٹو کے آفاقی نظریات کو ختم نہیں کیا جاسکا۔