سعودی وزیرخارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

Saud al-Faisal

Saud al-Faisal

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی وزیر خارجہ سعودالفیصل دو روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ سعود الفیصل کا دورہ پہلے سے طے شدہ ہے۔

پرویز مشرف کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،اس کا کسی دوسرے ملک سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام آباد میں جمعے کے روز ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان معمول کا رابطہ ہے اور یہ پہلے سے طے شدہ تھا، اپنے دورے میں سعودالفیصل، وزیراعظم نواز شریف، صدر ممنون حسین اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گے، سعودی وزیر خارجہ کا دورہ نواز حکومت اور سعودی حکومت کے درمیان پہلا اعلیٰ سطح رابطہ ہو گا۔

ترجمان نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے کا کسی دوسرے ملک سے کوئی تعلق نہیں۔ اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ نے ریاض کے دورے پر آئے امریکی ہم منصب جان کیری سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کی کوششوں اور باہمی امور پر بات چیت کی۔

امریکی وزیر خارجہ نے سعودی فرمارواں شاہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی جس میں جان کیری کو مشرق وسطیٰ میں بحالی امن کیلئے سعودی حمایت کا یقین دلایا گیا۔