عوامی خدمت ہمارا شعار ہے، ضلع کورنگی کو صاف ستھرا سرسبز اور شہر کراچی کا مثالی ضلع بنائیں گے۔غلام رسول

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہا ہے کہ افسران و ملازمین اپنے اولین فرائض و ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے علاقائی ترقی عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے تمام تر محکمانہ کاشوں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت دیگر بلدیاتی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔

عوامی خدمت کو شعار بنا کر ضلع کورنگی کو صاف ستھرا سرسبز اور شہر کا مثالی ضلع بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے شاہ فیصل زون آفس میں ضلعی بلدیاتی کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری سرسبز ماحول کے فروغ اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ضلع کورنگی کے تمام زونز میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام محکموں کے افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ دفتری اوقات کی پابندی کریں اور عوامی خدمات کے حوالے سے محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنائیں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی اور سرسبز ماحول کے قیام کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے افسران کو تاکید کی کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے مساجد و امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور تجاوزات و رکاوٹوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔