دبئی (جیوڈیسک) سری لنکن کرکٹر مہیلا جے وردنے کے مستقبل پر سیاہ بادل چھانے لگے، ابوظبی ٹیسٹ میں ناکامی سے پہلی بار سابق کپتان پر انگلیاں اٹھنا شروع ہوگئیں، پاکستان سے سیریز کو کیریئر کے لیے اہم قرار دیا جانے لگا، بڑھتے ہوئے دبائو سے پہلی بار باپ بننے کی خوشی بھی ماند پڑنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردنے کا ٹیسٹ مستقبل خطرے سے دوچار دکھائی دے رہا ہے، انھوں نے گذشتہ 14 اننگز میں ایک بار بھی ففٹی اسکور نہیں کی، اس وجہ سے پہلی بار ٹیم میں ان کی جگہ پر سوالیہ نشان عائد ہونے لگا، ابوظبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں وہ کیریئر کا پہلا پانچ روزہ میچ کھیلنے والے بلاول بھٹی کا شکار ہوئے، پہلی اننگز میں 5 جبکہ دوسری بار صفر کی خفت سے دو چار ہونا پڑا۔
جے وردنے کا ماضی انتہائی شاندار رہا ہے، انھوں نے 139 ٹیسٹ میں 10811 رنز اسکور کیے جس میں 30 سنچریاں شامل ہیں، تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے اس فارمیٹ میں ان کی فارم مسلسل زوال کا شکار ہے، ایک ماہ قبل وہ پہلی بار باپ بنے مگر بڑھتے ہوئے دبائو کی وجہ سے انھیں اس خوشی سے بھی اچھی طرح لطف اندوز ہونے کا موقع نہیں ملا۔