کراچی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 26169 پوائنٹس کی حد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) سیمنٹ کی ریکارڈ فروخت، بینکوں کے ممکنہ بہترین مالیاتی نتائج حاصل ہونے کے علاوہ مرکزی بینک کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے لیے قرضوں کی حد ختم کرنے کے فیصلے جیسے عوامل کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو نئے مالی ہفتے کے آغاز پر بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا۔

جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 26169 پوائنٹس کی نئی بلندترین سطح بھی رقم کر گیا۔ تیزی کے سبب 55.60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 56 ارب 48 کروڑ 92 لاکھ 3 ہزار 170 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تیزی کا انحصار معیشت وتجارت کے حوالے سے بہتر خبروں اور توانائی وسرمایہ کاری کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر مبنی ہے جبکہ دہشت گردی کی واردتوں میں کمی اور پرامن ماحول بھی مارکیٹ کی سرگرمیوں پر مزید مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہیں کیونکہ پرامن ماحول اور بہترین حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 69 لاکھ 69 ہزار 841 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں کسی بھی موقع پر مندی رونما نہ ہوسکی۔