پاک چین اقتصادی راہداری سے پورا خطہ خوشحال ہوجائیگا، احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آ باد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری خطے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے مشترکہ ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔

منصوبہ بندی کمیشن میں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ اس راہداری کی تعمیر چین جنوبی ایشیا اور وسط ایشیا سمیت پورے خطے کیلیے معاشی خوشحالی کی ضامن ہوگی۔

پاکستان کو اس خطے میں مرکزی مقام حاصل ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔ فاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا نقشہ اس انداز سے ترتیب دیا جائے کہ سڑک، ریلوے اور آپٹک فائبر کے منصوبوں کو مربوط انداز میں چلایا جا سکے تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جاسکے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ اس راہداری کا نقشہ تیار کرتے ہوئے مستقبل کے تمام ممکنہ ڈیمز کی تعمیر کو بھی مد نظر رکھا جائے تاکہ اگر کبھی نیا ڈیم تعمیر کرنا ہو تو پاک چائنہ اقتصادی راہداری اس میں حائل نہ ہوسکے۔

احسن اقبال نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ چھ جنوری سے شروع ہونیوالے مواصلات اور بنیادی ڈھانچے سے متعلقہ ورکنگ گروپ کے پاکستان میں مذاکرات کے دوران بھرپور تیاری کے ساتھ پاکستان کا موقف پیش کریں۔ وفاقی وزیر نے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اقتصادی راہداری کے تحت ریلوے ٹریک کو بہتر بنانے کے مجوزہ منصوبوں میں اس بات کا خیال رکھیں کہ مستقبل کی فاسٹ ٹرین کا نقشہ متاثر نہ ہو۔