پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ خصوصی عدالت میں پیش

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کرادی گئیں، خصوصی عدالت کے حکم پر فوجی اسپتال کے حکام نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کرائیں۔ جسٹس فیصل عرب کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپوٹس کا جائزہ لینے کے بعد حکم جاری کیا جائیگا۔ خصوصی عدالت کا تین رکنی بنچ پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی عدالت قانون کے تحت تشکیل دی گئی، اسے آئینی عدالت کا درجہ حاصل نہیں اوراس کے اختیارات بھی محدود ہیں۔ آرٹیکل 6 اور 204 یا ان کے تحت بنائے گئے قوانین میں دوران سماعت گرفتاری کی کوئی شق نہیں۔

جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ اگر ملزم عدالتی حکم پر بھی نہ آئے تو کیا عدالت وارنٹ گرفتاری جاری کر سکتی ہے، اس پر انور منصور نے کہا کہ وہ اس نکتے پر بعد میں دلائل دیں گے۔

انہوں نے پراسیکیوٹر پر بھی اعتراضات اٹھائے اور کہا کہ وہ اکرم شیخ کو پراسیکیوٹر نہیں مانتے۔ عدالت میں لگے جیمرز کے باجود دوران سماعت کسی کا موبائل فون بج اٹھا جس پر عدالت نے سیکیورٹی اہل کاروں کو طلب کر لیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ سیکیورٹی اہل کاروں نے آگاہ کیا کہ جیمرز اور دیگر آلات ٹھیک کام کررہے ہیں۔