مری (جیوڈیسک) اسلام آباد سے مری جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث کلب روڈ کے سامنے الٹ گئی۔ بس میں خواتین اور بچوں سمیت بیس کے قریب مسافر سوار تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث بس سلپ ہو کر الٹ گئی۔
بس پہلے کھمبے سے لگی اور قلا بازی کھا کر دوسری سائیڈ پر جا گری جس سے دو مسافر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق چار سے پانچ زخمی مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کے سر اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اسلام کلب روڈ پر بارش کے باعث آج کے دن چار حادثات ہو چکے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ٹریفک پولیس نے مسافروں سے محتاط طریقے سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔