سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسیوں کے باعث نہ صرف ملک بدنام ہوا: توفیق بٹ

گوجرانوالہ: ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسیوں کے باعث نہ صرف ملک بدنام ہوا بلکہ توانائی کے مسئلے پر توجہ نہ دینے کی بنا پر صنعتی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اگر سابق حکمرانوں نے توانائی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے پر سنجیدگی سے توجہ دی ہوتی تو آج ملک و قوم اندھیروں میں نہ ڈوبے ہوتے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے بحران کی سنگینی سے آگاہ ہے اوراس مسئلے کے حل کے لئے شب و روز کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو توانا بنانے، ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اضافی وسائل پیدا کرنا نا گزیر ہے۔ ٹیکس کلچر کو فروغ دئیے بغیر ترقی کی منزل کا حصول ممکن نہیں ہے۔

ملک کی تعمیر و ترقی میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس اقتصادی و معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔