پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز اور پیپلزپارٹی کے ادغام کا فیصلہ

PPP

PPP

لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹوزرداری کی طرف سے 8 رکنی کمیٹی کا قیام اس جانب اشارہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کو ختم کر کے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو بحال کرنے کافیصلہ کر لیا گیا ہے۔

آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز اور پیپلزپارٹی کے ادغام کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دینے کی تجویز زیر غور ہے جس کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری ہوں گے اور سرپرست اعلیٰ کا عہدہ سابق صدر آصف علی زرداری کو مل جائے گا۔

سابق صدرآئین کے تحت 2 سال تک باقاعدہ سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے لہٰذا قانونی طور پر بلاول بھٹوزرداری ہی نئے سربراہ ہوں گے اور اگلا الیکشن تیر کے نشان پر ہی لڑا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے حلقوں میں یہ بات قریباً طے ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لڑے گی۔