اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ریمارکس دیے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت تک تاخیر کا شکار نہیں ہونے چاہئیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 23 فروری کو سندھ جبکہ 13 مارچ کو پنجاب انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔ سندھ میں نئی حلقہ بندیوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ سندھ اور لاہور میں نئی حلقہ بندیاں کی گئیں تو شیڈول کے مطابق الیکشن ممکن نہیں ہو گا، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے تین ہفتے درکار ہیں، الیکشن کمیشن سندھ میں فروری جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مارچ میں کراسکتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہونا چاہئیں، حکومت سندھ کی استدعا پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرلی گئیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں حلقہ بندیوں سے متعلق ہائی کورٹس کے فیصلوں پر اپیلیں 27 جنوری کو سنی جائیں گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل نہیں کیا گیا۔