راولپنڈی (جیوڈیسک) مری اور نورانگر سے راولپنڈی جانے والی دو بسیں سالگراں کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا کر دو سوفٹ گہرائی میں بہنے والے برساتی نالے میں جا گریں۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی۔
امدادی ٹیموں کو گہرائی، اندھیرے اور بڑی تعداد میں زخمیوں کے بعد باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ انتظامیہ نے فوج کی مدد بھی طلب کی۔ دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو نکال لیا۔
کمشنر راولپنڈی خالد مسعود چوہدری کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں موثر اور بروقت ہونے سے کئی زخمیوں کو بروقت امداد دی جا سکی۔
وزیراعظم نواز شریف نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسم کے باعث ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔