اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر وکلاء نے اپنے دلائل مکمل کرلیے، فیصلہ دو بجے سنایا جائے گا۔ پرویز مشرف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی، سابق صدر کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ عدالت کو بتایا کہ کل پھر مجھے دھمکیاں دی گئیں،کراچی میں میرے ڈرائیور کو مارا پیٹا گیا۔
جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ ہم ایسی بات برداشت نہیں کریں گے، استغاثہ اور وکلا صفائی کی سیکیورٹی کے احکامات جاری کریں گے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔
آج جب سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے عدالت میں بیان دیا کہ کل پھر مجھے دھمکیاں دی گئیں، کراچی میں میرے ڈرائیور کو مارا پیٹا گیا، مجھے فون پر دھمکی دی گئی کہ مقدمے سے الگ ہو جاوٴ ورنہ مار دیا جائے گا، آئی جی سندھ، ہوم سیکریٹری سندھ اور آئی جی اسلام آباد کو فون نمبر بھی دیدیا، میں نے ایف آئی آر بھی درج کرا دی ہے۔
اس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ ہم ایسی بات برداشت نہیں کریں گے، استغاثہ اور وکلا صفائی کی سیکیورٹی کے احکامات جاری کریں گے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم شیخ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں ایسا ایک بھی لفظ نہیں کہ ملزم عدالت میں پیشی کے قابل نہیں۔