کراچی: پولیس سے مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشتگرد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے منگھو پیر نادرن بائی پاس کے قریب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی آئی ڈی پولیس نے چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔

مقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشتگرد، عمران عرف لمبا، شہاب الدین اور صورت جان عرف بی بی سی مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزموں کے قبضے سے 50 کلو دھماکا خیز مواد، 10 دستی بم، 1 کلاشنکوف، 2 پستول اور ایک گاڑی برآمد ہوئی ہیں۔

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم شہاب الدین کالعدم تحریک طالبان لانڈھی کا امیر تھا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ، پولیس افسروں کے قتل، بھتہ خوری اور دستی بم حملوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد اسلحے کو منگھو پیر کے علاقے میں چھپانے جا رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کے مزید ساتھی شہر میں موجود ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔