پورے ملک میں شدید سردی کی لہر، کوئٹہ اور مری میں برفباری

 Snowfall

Snowfall

کوئٹہ (جیوڈیسک) بالائی علاقوں اور بلوچستان میں اکثر مقامات پربرفباری کے باعث پورا ملک شدیدسردی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش اورسردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔

کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی نئی لہر برقرار ہے، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، پشین، مستونگ کان مہترزئی، توبہ اچکزئی میں برفباری ہوئی اور سردی میں اضافہ ہو گیا، گیس اور بجلی حسب معمول غائب رہی۔

عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ منچلوں نے ہنہ اوڑک، اسپین کاریز اور دیگر تفریحی علاقوں کا رخ کر لیا، چمن توبہ اچکزئی خواجہ عمران کے پہاڑوں پر اور دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

چمن شہر میں 2 انچ جبکہ پہاڑوں پر 3 سے 4 انچ برف باری ہوئی، درہ کوژک پر شدید برفباری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی، اے سی اسماعیل ابراہیم نے موقع پر پہنچ کر درہ کوژک میں بڑی گاڑیوں کاداخلہ بند کرا دیا۔

چھوٹی گاڑیوں کاراستہ بحال کرا دیا، ژوب سے نمائندے کے مطابق قمر الدین کے علاقے میں بدھ کو صبح سے ہی برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور رات گئے تک 7 انچ تک برفباری ہوئی، زیارت شہر میں 6 انچ برفباری کے باعث مختلف شاہراہیں بند ہو گئیں۔