اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا 2003ء میں فوج فاٹا میں بھیجنے کا اقدام تباہ کن تھا اس سے فاٹا کاڈھا نچہ تباہ ہو گیا، امریکا نے ہائی ویلیو ٹارگٹس حاصل کر لیے، اب ڈرون حملے بند کر دے، امریکا افغانستان میں ان لوگوں سے جنگ کر رہا ہے۔
جنھیں افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے دوران اس نے خود تربیت دی، مسلح کیا اور فنڈز فراہم کیے۔ بدھ کو اسلام آباد میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ فاٹا میں فوج بھیجنے کے اقدام سے قبائلی علاقوں میں معاشرتی نظام تباہ ہو کر رہ گیا تا ہم موجودہ حکومت ان تباہ کاریوں کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن میں سرحد پر غیر قانونی نقل وحرکت کی روک تھام، ریاستی رٹ قائم کرنا اور علاقے کی تعمیر نو و بحالی شامل ہیں۔
ڈرون حملوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے سنگین نتائج برآمد ہورہے ہیں، حکومت تمام فورمز پر یہ معاملہ اٹھا رہی ہے۔