ہنگو (جیوڈیسک) خیبر پختون خوا حکومت نے ہنگو میں سرکاری اسکول پر خود کش حملہ ناکام بنانے والے شہید طالب علم کو عظیم ہیرو قرار دے دیا۔ نویں کلاس کے بہادر طالب علم نے اپنی جان پر کھیل کر اسکول کے سیکڑوں بچوں کی جان بچالی۔
یہ واقعہ ضلع ہنگو کے علاقہ ابراہیم زئی میں پیر کے روز پیش آیا، اعتزاز حسین اپنے اسکول کے لیے جارہا تھا جہاں صبح کی اسمبلی ہورہی تھی، اسو قت اس نے ایک مشکوک شخص کو اسکول کی طرف جاتے دیکھا، اس نے مشکوک شخص کو رکنے کی آوآز لگائی تو اس کے قدم اور تیزی سے اسکول کی طرف بڑھنے لگے، اعتزاز کی ذہانت کہ اس نے خطرے کو بھانپ لیا۔
اس نے حملہ آور کو روکنے کے لیے اسے ایک بڑا پتھر بھی مارا جو اسے نہ لگ سکا جس کے بعد اعتزاز نے تیزی سے دوڑتے ہوئے خودکش حملہ آور کو اسکول میں داخل ہونے سے پہلے ہی دبوچ لیا، اس موقع پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جو اعتزاز کی جان بھی لے گیا۔
اہل علاقہ کا مطالبہ ہے کہ ننھے مجاہد کی قربانی کو سرکاری سطح پر بھی سراہا جائے، جو نہ صرف نہ صرف سیکڑوں بچوں کی جان بچاگیا بلکہ اپنے علاقے میں بہادری، ذہانت اور شجاعت کی ایک تاریخ بھی رقم کر گیا۔