اسلام آباد (جیوڈیسک) نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس چیرمین محمد زبیر عمر کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ نجکاری کمیشن بورڈ نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹیڈ، حبیب بنک، یو بی ایل اور الائیڈ بنک کے حصص مارکیٹ میں فروخت کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں نجکاری کے عمل کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی وعدوں کے مطابق مالیاتی مشیر مقرر کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ان مشیروں کا کام اپنے پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں نجکاری کے عمل کے لیے حکومت کو مشورے دینا ہو گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوجی ڈی سی ایل کے حصص لندن سٹاک مارکیٹ میں بھی فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے۔
گزشتہ روز نجکاری کمیشن پی آئی اے کے 26 فیصد حصص فروخت کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کا فیصلہ کیا تھا۔