لاہور (جیوڈیسک) قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے۔ وطن واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش نے اپنا سکیورٹی پلان دیدیا۔ جس قسم کی سپیشل سکیورٹی ہم چاہیں گے وہ ہمیں ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی روٹین میٹنگ میں شرکت کی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کی ہے جس میں بنگلا دیش کرکٹ کے عہدیداروں سے سکیورٹی سے متعلق بات چیت ہوئی۔ بنگلا دیش نے سکیورٹی خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بنگلہ دیش سے واپسی پر نجم سیٹھی نے اس بات کا اعلان کیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور ایشیاء کپ بنگلہ دیش میں ہی ہوں گے اور پاکستانی ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے ہمیں بہترین سکیورٹی دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنا تمام سیکورٹی پلان ہمارے سامنے رکھ دیا ہے اور یہ سیکورٹی پلان ایشیا کپ، سری لنکا اور ٹی 20 ورلڈکپ میں استعمال کیا جائے گا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے اس بات کا معاہدہ ہوا ہے کہ جب پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش پہنچے گی تو ہم جس قسم کی سکیورٹی چاہیں گے وہ ہمیں فراہم کی جائے گی۔