جھنگ اب امن کا گہوارہ بن چکا ہے یہاں پر کسی قسم کی فرقہ واریت کا خطرہ محسوس نہیں

جھنگ: ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید نے کہا ہے کہ جشن عیدمیلاد النبٰی کے موقع پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ضلع میں محرم الحرام کی طرح مثالی انتظامی و حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مذہبی راہنمائوں اور شہریوں کا تعاون نا گزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں عید میلاد النبٰی کے حوالہ سے سکیورٹی جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی ،سڑکوں کی تعمیرومرمت ،پانی کے چھڑکائو، تجاوزات کے صفایا اور ٹریفک جیسے مسائل زیر بحث آئے۔اجلاس میں ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر ،اراکین صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ،میاں محمد اعظم چیلہ،اے ڈی سی ہارون رشید،ایس پی انوسٹی گیشن مریم ناہید،ڈی او سی خالد راجو،صدر بار فضل الرحمان جوئیہ اور چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام،عمائدین،ضلعی انجمن تاجران کے عہدیداران،ممبران ضلعی امن کمیٹی اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عید میلاد النبٰی کے موقع پر سرکاری مشینری ہمہ وقت چوکس رہی گی ۔انہوں نے کہا کہ جھنگ اب امن کا گہوارہ بن چکا ہے یہاں پر کسی قسم کی فرقہ واریت کا خطرہ محسوس نہیں ہو رہا اور لوگوں نے فرقہ واریت سے نکل کر اپنے صحیح مسائل پر توجہ دینا شروع کر دی ہے لیکن ہمیں اس سے غافل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ دشمن ہمارے امن کو خرا ب کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر نے پر لگا ہوا ہے۔

لہٰذا ہر شہر ی کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھے۔انہوں نے کہا کہ عیدمیلا د النٰبی کا مبارک دن سب مسلمانوں کیلئے یکساں متبرک اور قابل احترام ہے لیکن شر پسند عناصر ایسے مقدس موقع پر مذموم کاروایئوں یا غلط افواہوں کے ذریعے ہمارے اتحاد میں رخنہ اندازی کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں لہٰذا ان کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کیلئے مثالی اتحاد او ر تعاون کا مظاہرہ کیا جائے۔انہوںنے علمائے کرام پر زور دیا کہ جلوسوں کے دوران متنازعہ نعرہ بازی،لائوڈ سپیکر کے ناجائز استعمال اور غیر شرعی حرکات سے اجتناب کیا جائے ایسے غیر اخلاقی او ر غیر شرعی افعال پر کڑی نظر رکھی جائیگی۔ انہوںنے عید میلاد النٰبی کے جلوسوں ،محافل او ر دیگر تقریبات کے مقامات کی سکیورٹی کیلئے جامع انتظامات کے علاوہ دیگر حفاظتی و ضروری انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے جلوسوں و محافل کے منتظمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کو مزید مضبو ط بنانے کیلئے ذاتی رضا کار گارڈز کا اہتمام کیا جائے ۔ڈی سی او نے کہا کہ عید میلاد النٰبی کے موقع پر امن کو امان کو بحال رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔

نبی کریمۖ کا مشن ہمارے اثاثہ ہے12ربیع الاول کے موقع پر انتظامات کے حوالہ سے جلوسوں کے راستوں کی صفائی ،تجاوزات کا خاتمہ کے علاوہ اس روز لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے گا۔راشدہ یعقوب شیخ نے کہا کہ حضوراکرمۖ کی ولادت اور زندگی ہمارے لیئے ایک بہترین نمونہ ہے امن کے حوالہ سے جھنگ ہمارا ہے اس کا جتنا درد ہمارے اندر ہے اور کسی میں نہیں ہو سکتا سیاسی و ذاتی اختلافات کو بھلا کرہمیں یہاں کے لوگوں میں پیار و محبت کی فضا قائم کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جھنگ میں تعلیم کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے سٹیلائٹ ٹائون جھنگ میںگرلز کالج کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے 70کروڑ روپے کے فنڈ مہیا کر دیئے ہیں اسی طرح جھنگ میں یونیورسٹی کے قیام کا بھی ڈائریکٹو جاری ہو چکا ہے جس پر 2ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ دو سال میں مکمل ہو گی۔میاں اعظم چیلہ نے کہا کہ علمائے کرام کے تعاون سے محرم الحرام پر امن گزرا او رعید میلاد النٰبی کے موقع پر بھی ہمیں ایسا ہی مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیںصدر بار فضل الرحمان جوئیہ ،صفدر سیلم سیال،مفتی نصیرالدین نصیر ،طارق گیلانی ،عبدالعلیم یزدانی،امیتاز احمد چوہدری،حاجی منیر احمد،حاجی دلدار علی،شیخ محمد یونس،عبدالغفور جھنگوی،نواب امان اللہ سیال نے خطاب کرتے ہوئے عید میلاد النٰبی کے موقع پر امن و امان بحال رکھنے کیلئے انتظامیہ کو اپنے بھر پورتعاون کایقین دلا یا اور محرم الحرام کے دوران انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے فول پروف سکیورٹی انتطامات کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ عید میلاد النٰبی کے موقع پر بھی اسی طرز کے انتظامات برئوے کار لائے جائینگے۔