نئی دہلی (جیوڈیسک) امریکا میں ویزا فراڈ کیس میں ملوث بھارتی سفارتکار وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔ نیویارک میں بھارت کی نائب قونصل جنرل دیویانی کھوبر اگاڑے پر ایک روز پہلے ویزا فراڈ، امریکی حکام سے غلط بیانی کرنے اور ملازمہ سے بدسلوکی کے الزامات میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث وہ نیویارک سے واپس نئی دہلی پہنچ گئی ہیں۔ ائرپورٹ پر دیویانی کے والد نے ان کا استقبال کیا۔ وطن واپسی پر مختصر بیان میں دیویانی نے اپنی حمایت کر نے پر بھارتی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ دیویانی پر الزامات برقرار ہیں۔ واپس بھارت جانے کے بعد ان کا سفارتی استثنیٰ ختم ہو گیا ہے۔ اب وہ اسی وقت امریکا واپس آسکیں گی جب عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہوں۔
امریکی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ سفارتی تنازع اب ختم ہونے کے قریب ہے اور بھارت ایسے اقدامات کرے گا جن سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئے۔ ایک ایک سفارتکار واپس بلانے سے تعلقات معمول پر آجائیں گے۔