اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دیامر کے بالائی علاقوں نیاٹ ویلی، بابو سر ویلی اور بٹوگا ویلی میں رات سے برفباری جاری ہے۔
جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کئی روز سے بند رابطہ سڑکیں اب تک نہیں کھولی جا سکی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے وقت کہر اور دھند کا امکان ہے۔
جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی بھی توقع ہے۔